(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور آئی جی ذوالفقار حمید نے پیر کی صبح سوات کا دورہ کیا۔ وہ آر پی او ملاکنڈ فدا حسین اور ڈی پی او محمد عمر خان کے ساتھ شیخ زید النہیان ہسپتال سیدو شریف گئے، جہاں انہوں نے خودکش دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کی وہ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کریں۔ بعد میں جرگہ ہال سیدو شریف میں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں سول اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال کو ہر حال میں بہتر بنایا جائے۔
