Swat

گورنر خیبر پختونخوا کا سوات کا دورہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منگل کے روز سوات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیدو شریف ہسپتال میں گذشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت اور خیریت دریافت کی۔ گورنر نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد، ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ گورنر نے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی تکلیف پورے صوبے اور قوم کی تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شہدا اور زخمیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بعد ازاں گورنر خیبر پختونخوا نے ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملاکنڈ ڈویژن کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات، پولیس کی پیشہ ورانہ تیاری، سیکیورٹی چیلنجز اور انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر نے اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی. گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پولیس اور سکیورٹی فورسز برسوں سے دہشت گردی کے خلاف بہادری اور ثابت قدمی سے جنگ لڑ رہی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہم ابھی تک پولیس کو مکمل طور پر جدید اسلحہ اور درکار وسائل فراہم نہیں کرسکے۔ دہشت گردی کے خلاف وفاق، صوبوں اور تمام سیاسی قوتوں کو مکمل یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں