(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ نتائج کے مطابق طالبات نے میدان مار لیا۔ پہلی تین پوزیشنیں لڑکیوں کے نام جبکہ آرٹس گروپ میں شانگلہ کی پرائیویٹ طالبات نے پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرلیں۔ ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ سیدو شریف سوات کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق ٹیپو ماڈل اسکول کی طالبہ سہانہ احمد نے 1161 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن اقرا اکیڈمی سیدو شریف کی طالبہ روشنی نے 1158 نمبروں کے ساتھ حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن ٹیپو ماڈل اسکول کی طالبہ زلندہ سردار نے 1156 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔ اسی طرح آرٹس گروپ میں شانگلہ کی پرائیوٹ طالبات نے میدان مار لیا۔ جویریا شاہ نے 1047 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن، یسرا بی بی نے 1039 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ نایاب رحمت نے 1036 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سوات تعلیمی بورڈ کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات میں سوات، بونیر اور شانگلہ کے مجموعی طور پر 46 ہزار 484بطلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ ان میں 34 ہزار 421 طلبہ و طالبات سائنس گروپ سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ باقی آرٹس گروپ کے امیدوار تھے۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب تقریباً 80 فیصد رہا، جبکہ آرٹس گروپ میں کامیابی کی شرح تقریباً 52 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
