Swat

سوات، ملاکنڈ ڈویژن کے مشران کا گرینڈ جرگہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)پولیس ٹریننگ سکول سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کے مشران کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے میں وفاقی وزیر امیر مقام، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ راؤ عمران، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین باچا، ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت اور بریگیڈیئر توقیر حسن (6 بریگیڈ) نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ریٹائرڈ پولیس افسران، علمائے کرام، علاقائی مشران اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ جرگے میں ملاکنڈ، سوات، بونیر، باجوڑ، دیر لوئر، دیر اپر اور شانگلہ کے مشران نے اپنے علاقوں کے مسائل پر تجاویز پیش کیں۔ ان تجاویز میں ملاکنڈ ڈویژن کو ٹیکس فری زون قرار دینا، پولیس کو جدید وسائل کی فراہمی، ٹریفک نظام کی بہتری، صحت و تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل جیسے امور شامل تھے۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اور آئی جی ایف سی نارتھ نے بھی جرگے سے خطاب کیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین باچا نے شرکا کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں امن پولیس، لیویز، ایف سی، پاک فوج اور ویلج ڈیفنس کے جوانوں کی قربانیوں سے قائم ہوا ہے۔ تاہم دیرپا امن کے لیے مؤثر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل انتظامیہ نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران صحت، تعلیم اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پورے ڈویژن کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔ تاکہ فیصلے حقائق کی بنیاد پر کیے جائیں۔ کمشنر نے کہا کہ جرگے میں پیش کیا گیا ہر مسئلہ ریکارڈ کیا جائے گا اور ہر مسئلے کے لیے ایک ذمہ دار افسر بھی مقرر ہوگا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

★ ★ ★ ★ ★
اوسط ریٹنگ: ⭐ 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔