(باخبرسوات ڈاٹ کام) مینگورہ میں جمعیت طلبہئ اسلام نے تعلیمی اداروں میں بے تحاشہ فیسوں اورسوات میں اسٹیج شوز کے نام پر فحاشی پھیلانے اور نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے ٹی آئی کے ضلعی کنونیئر حافظ صدیق اللہ شلمانی، جے ٹی آئی بابوزئی کے صدر قاری شوکت علی، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی ترجمان اعجاز خان نے کہاکہ نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔ تعلیم کو قومی زبان اردو میں لازمی قراردیاجائے۔ سرکاری اداروں میں تعلیم کو مفت کیا جائے۔ گورنمنٹ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بے تحاشہ فیسوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کو بحال کیا جائے اور طلبہ یونین کی آڑ میں تعلیمی اداروں میں مغربی ایجنڈے کو دوام کرنے کی کوشش بند کی جائے۔ مقررین نے کہا کہ سوات میں نئے سال کے جشن میں اسٹیج شوز اور دیگر پروگرامات کی آڑ میں فحاشی پھیلائی جا رہی ہے جس کی ہم بھر پور مخالفت کرتے ہیں۔
Swat
