کالم نگاری

ٹیکس فری زون اور کٹ گاڑیوں کا قضیہ

ابرار احمد خان ایڈووکیٹ

✍️ کالم نگار: ابرار احمد خان ایڈووکیٹ

اشتہار / Advertisement

کسی بھی ملک میں ٹرانسپورٹ، ریونیو جنریشن میں بہت اہم کردا ادا کرتا ہے۔ کیوں کہ اس کے ساتھ درجنوں کاروبار جڑے ہوئے ہوتے ہیں جن میں لاکھوں لوگ برسرِ روزگار ہوتے ہیں۔ یہ حکومت پر بوجھ کم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر ریونیو بڑھانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
ملک کے اندر چلنے والی تمام گاڑیاں ”موٹر وہیکل آرڈیننس 1965ء“ کے تحت چلتی ہیں، یعنی یہ آرڈیننس اس سے متعلق قوانین کو وضع کرتا ہے، لیکن پاکستان کے اندر کچھ علاقوں میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو قانونی طور پر استثنا حاصل ہے۔ ایسا ہی ایک علاقہ ملاکنڈ ڈویژن بھی ہے، جہاں ہزاروں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں چلتی ہیں۔ یہ ایک طرح سے ریونیو کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ یہ ان ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں روزانہ کی بنیاد پر قومی خزانے کو ایک بڑا حصہ فراہم کرتی ہیں۔ اسی طرح گاڑیوں کی خرید و فروخت کے کاروبار سے بھی لاکھوں لوگ وابستہ ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر لوگوں نے باہر سے پیسا کما کر اپنے ملک میں سرمایہ کاری کی ہے، اور اپنے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں حصہ ڈال رہے ہیں، تو ان کے لیے مشکلات پیدا کرنا اور ناجائز طور پر تنگ کرنا، اور ایسے قوانین بنانا جن سے ان کے کاروبار متاثر ہوتے ہوں،بے روزگاری کا باعث بنتے ہوں، تو یہ ملک و قوم سے بڑی نا انصافی ہوگی۔
قارئین، گذشتہ چند دنوں سے ہائیکورٹ مینگورہ بنچ کے ایک فیصلے کی وجہ سے یہ بحث ہر جگہ چڑھ گئی ہے کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں میں کٹ گاڑیاں پکڑی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ڈی پی او صاحب نے ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا تھا کہ عدالت عالیہ سے کٹ گاڑیوں کو پکڑنے کا حکم صادر ہوا ہے۔ اس لیے پولیس والوں نے ہر جگہ ناکے بھی لگا رکھے ہیں، جس کے خلاف بارگین سے وابستہ لوگوں نے احتجاج بھی ریکارڈر کرائے ہیں۔
اب آتے ہیں ہائیکورٹ کے فیصلے کی طرف، جس کے مطابق تمام گاڑیاں چاہے کسٹم پیڈ ہوں یا نان کسٹم پیڈ، لیکن جس کا چیسس پلیٹ ویلڈڈ، ٹمپرڈ اور ری سٹیمپڈ ہو، تو ایسی گاڑیاں پکڑی جائیں گی اور سٹیٹ وئیر ہاؤس میں رکھ دی جائیں گی۔ کیوں کہ یہ غیر قانونی گاڑیاں مختلف قسم کی واردات میں آسانی سے استعمال ہو سکتی ہیں۔
وہ گاڑی جس میں کوئی مسئلہ نہ ہو، تو عدالت مجاز اسے اصل مالک جس کے پاس اوریجنل کاغذات ہوں، یا آخری اونر کو سپرداری پر حوالہ کرتی ہے۔ اصل میں اسے کیس پراپرٹی کہا جاتا ہے، اور عدالت تصفیہ تک مقدمہ پٹیشنر کو حوالہ کرتی ہے، لیکن یہاں جو بات زیرِ بحث چل رہی ہے، جو گاڑی کٹ ہو، تو اس بارے عدالت عالیہ نے کیا حکم دیا ہے؟ تو اس حوالے سے پوری ججمنٹ میں کوئی ذکر موجود نہیں۔ نہ کٹ گاڑیوں کے ضبط کرنے کا کوئی حکم ہی صادر ہوا ہے۔ اس طرح پولیس والے کے پاس بھی کوئی اختیار نہیں کہ وہ بغیر کوئی قانونی امر کے کٹ گاڑیوں کو پکڑے، یعنی جس طرح باقی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں چلتی ہیں،تو اسی پر قیاس آرائی کرتے ہوئے کٹ گاڑی جس کے چیسس پلیٹ میں کوئی ٹمپرنگ یا ویلڈنگ نہیں کی گئی ہو، تو سب کو استثنا حاصل ہے۔ یوں جس کے ساتھ کسی نے فراڈ کیا ہو، تو وہ سول کورٹ میں ”سیل“ کرنے والے کے خلاف جانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
محکمہئ پولیس بھی قانونی طور پر کسی کی گاڑی کو پکڑ کر ذاتی استعمال میں نہیں لاسکتا، جو کہ اکثر اوقات دیکھنے کو ملتا ہے۔ اگر کوئی بھی فرد اس حوالے سے دادرسی حاصل کرنا چاہے، تو اس پولیس آفیشل کے خلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے اور وہ آفیشل اینٹی کرپشن کے زمرے میں بھی آسکتا ہے۔
قارئین، عدالتِ عالیہ کے مذکورہ فیصلے کے مطابق پولیس جس وقت گاڑی اپنے قبضہ میں لیتی ہے، تو اسی وقت چیسس کی تصویر بنانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے بعد زیرِ دفعہ (3)156 کے مطابق مجسٹریٹ صاحب سے انکوائری یا انوسٹی گیشن کی اجازت لیا جاسکتا ہے۔ اگر تصویر نہیں لی گئی، تو انکوائری کا آرڈر جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ میری ایک تجویز ہے کہ سیکشن 103 ض ف کی کمپلائینس بھی ضروری قرار دی جائے، تاکہ ذاتی رنجش یا کسی اور وجہ سے پولیس والے کسی کی گاڈی کے چیسس پلیٹ میں کوئی ردوبدل نہ کرسکیں۔
اس کاروبار کی وجہ سے ڈھیر سارے خاندان جڑے ہوئے ہیں، اور ملک کی معیشت میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں۔ اس لیے ان کے کاروبار کو نقصان پہنچانا اور بلا وجہ انہیں ذہنی کوفت میں ڈالنا شدید ناانصافی کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے ساتھ ظلم کے مترادف ہوگا۔

اشتہار / Advertisement
اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

★ ★ ★ ★ ★
اوسط ریٹنگ: ⭐ 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔