(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں مکمل امن قائم ہے۔ سیاح بلا خوف و خطر سوات کی حسین وادی کا رُخ کرسکتے ہیں۔ پولیس امن و امان قائم کرنے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ امن و امان قائم کرنا اور سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمے داری ہے۔ ان خیالات کااظہار آرپی او ملاکنڈ ڈویژن سجاد خان نے سوات پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان ہے۔ گذشتہ ماہ ملاکنڈ ڈویژن نے 85 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور 382 سرچ اینڈ سٹرائک آپریشن کئے ہیں جن میں متعدد مشکوک افراد اور شرپسندوں کے مبینہ سہولت کاروں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ اس طرح دہشت گردی کے واقعات میں ملوث 7ATA کے 8 اشتہاری بھی پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھتا خوری میں ملوث دو گروپس کے سرغنہ کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ، مشکوک افراد اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشان دہی کرکے پولیس کو اطلاع دیں، تاکہ آپ کے بچوں کو ایک پرامن اور جرائم سے پاک معاشرہ میسر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاح بلاخوف و خطر سوات کا رُخ کریں۔ کیوں کہ یہاں مکمل امن قائم ہے اور پولیس سیاحوں کی حفاظت کے لئے دن رات موجود ہے۔
Swat
