(باخبر سوات ڈاٹ کام) ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے مینگورہ میں جشنِ سوات فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا۔ فیسٹیول کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد نے مقامی اور ملکی فنکاروں کے ساتھ مل کر کیا۔ فیسٹیول کے پہلے روز مقامی افراد، فیمیلیز اور بچوں نے فیسٹیول کا رُخ کیا۔ نوجوان محفلِ موسیقی سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے، جبکہ بچوں کی جانب سے کھیل کود کے لئے مواقع فراہم ہونے پر ان کی شرکت دیدنی تھی۔ جشنِ سوات فیسٹیول میں ثقافتی پروگرامز منعقد ہوں گے۔ مقامی مصنوعات کی نمائش بھی کی جارہی ہے۔ بچوں کے لئے کھیل کود کے مواقع کے ساتھ ساتھ فیسٹیول میں فوڈ اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ فیسٹیول میں پشتو اور اُردو موسیقی اور اُردو قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس کے لئے دیگر شہروں سے بھی فنکار سوات مدعو کئے گئے ہیں۔ فیسٹیول کے لئے مینگورہ میں واقع دریائے سوات کنارے فضا گٹ پارک کا انتخاب کیا گیا ہے۔
Swat
