(باخبر سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن کے 9 اضلاع میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی خصوصی ہفت روزہ مہم میں سو سے زائد اشتہاریوں کی گرفتاری سمیت بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ریجنل پولیس آفس ملاکنڈ سیدو شریف سوات کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان کی واضح ہدایات کے نتیجے میں ریجن بھر کے اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ، دیر پائین، دیر بالا، باجوڑ، چترال پائین اور چترال اَپر میں حالیہ دنوں میں پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشنز، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز، سنیپ چیکنگ، نائٹ پٹرولنگ، ناکہ بندیوں اور دیگر کارروائیوں میں مجموعی طور پرتقریباً 119 مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ 1621 مشتبہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ اسی طرح پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 40 عددایس ایم جی گن، 19 عدد رائفل، 77 عدد شارٹ گن، 397 عدد پستول اور 7024 عدد کارتوس بھی قبضے میں لے لئے ہیں۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 17 عدد خنجر، میگزین 101 عدد، 1.5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، 87 عدد سیفٹی فیوز اور 205 عدد ڈاینا مائٹ، بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ ریجن بھر میں پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 183.697 کلو گرام چرس، تقریباً 9.105 کلو گرام افیون،5.148 کلوگرام ہیروئن،2.68 کلوگرام آئس جبکہ 312 لیٹر شراب بھی قبضے میں لیا ہے۔ مزید برآں تقریباً 269ٹمبر سلیپران بھی تحویل میں لئے گئے ہیں۔
Swat
