(باخبر سوات ڈاٹ کام) نیشنل ایکشن پلان کے تحت نئے احداف اور ڈویژن کی سطح پر امن و امان کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے کی۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، انٹیلی جنس، انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات، کسٹمز، قومی مالیاتی اداروں اور پولیس کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں تجدید شدہ پلان کے تحت نئے احداف کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے ڈویژن کی سطح پر امن و امان اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت تجدید شدہ اہداف کے حوالے سے اقدامات و مستقبل کے لائحہ عمل پر اجلاس کو تفصیل سے بریف کیا۔ اجلاس میں ٹیرر فائنانسنگ کی روک تھام، غیر قانونی ہتھیاروں، غیر قانونی آتش گیر مواد کی روک تھام، انسدادِ منشیات، سمگلنگ کا خاتمہ، بھتا خوری کا خاتمہ، سائبر جرائم کی روک تھام، غیر قانونی دستاویزات کی روک تھام، دہشت گردوں اور مقامی سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے اور انسداد دہشت گردی اور دہشت گردانہ رجحانات کے خاتمے کے لئے نئے احداف کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔
Swat
