(باخبر سوات ڈاٹ کام)عوام کو سبسڈائزڈ آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران سمیت سٹی مئیر شاہد علی خان، ویلج کونسلوں کے بلدیاتی نمائندوں اور تاجر برادری نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل بابوزئی میں ویلج کونسلوں کی سطح پر خصوصی ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر سبسڈائزڈ آٹا رجسٹرڈ ڈیلروں کے ذریعے عوام کو براہِ راست سرکاری نرخ نامے کے مطابق فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یہ تمام عمل متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہئ فوڈ اورویلج کونسلوں کے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ہو گا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ آٹے کی تقسیم کے طریقہئ کار کو بہتر بنانے کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی جس میں تمام متعلقہ محکموں بشمول ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرکے نمائندے شامل ہوں گے اور کمیٹی ممبران آٹے کی تقسیم کے موقع پربھی موجود ہوں گے، تاکہ پورے عمل کی جانچ اور نگرانی کی جاسکے۔
Swat
