(باخبر سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن میں پنج روزہ انسدادِ پولیو مہم کے پُرامن انعقاد کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ڈویژن بھر میں ناکہ بندیوں کو مزید فعال کرنے کے ساتھ مشکوک افراد پر کڑی نظررکھنے کے احکامات بھی جاری کردئے گئے۔ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے ڈویژن بھر کے ڈی پی اُو ز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں بذاتِ خود پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں۔ پولیو ٹیم کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پولیس افسران اور جوان بھی اپنی حفاظت کے لئے بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں پولیو ٹیموں کے ساتھ مجموعی طور پر 12603 پولیس افسران اور اہلکاران فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ضلع سوات میں 3342، ضلع بونیر میں 1163، ضلع شانگلہ میں 1286، ضلع لوئر دیر میں 2263، ضلع اپر دیر میں 1574، ضلع اپر چترال میں 533، ضلع لوئر چترال میں 900 اور ضلع باجوڑ میں 1542پولیس اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔ پولیو مہم کے دوران ڈویژن بھر کے داخلی، خارجی اور مین شاہراہوں پر ناکہ بندیاں لگائی گئے ہیں، تاکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام و سائل برو ئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Swat
