(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب اسلم رضا نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی پہلی کوشش ہوگی کہ ملاکنڈ ڈویژن کے 9 اضلاع میں پائیدار امن قائم ہو۔ جہاں امن ہوتا ہے وہاں سیاحت ترقی کرتی ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کو خدا نے اپنے قدرتی حُسن سے نوازا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام اضلاع میں ملک اور بیرونِ ملک سے سیاح آئیں اور یہاں کے قدرتی نظاروں سے محظوظ ہوں۔ اپنے دفتر میں سوات پریس کلب کے صدر رفیع اللہ، یونین آف جرنلسٹس کے صدر عیسیٰ خان خیل کی صدارت میں سینئر صحافیوں شہزاد عالم ، فیاض ظفر، مراد علی خان اور حضرت علی باچہ سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اس بار برف باری کے دوران ہزاروں سیاح سوات آئے اور آ رہے ہیں۔ یہاں سیاحوں کو مزید سہولیات دینے کے لئے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو کی تعمیر سے فاصلے اور بھی کم ہوں گے جس سے مزید سیاح سوات آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے خادم بن کر کام کریں گے اور ان کے دروازے سب کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔
Swat
