(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے بعد ڈپٹی کمشنر سوات نے درختوں کے کاٹنے پردفعہ 144 کے ذریعے پابندی لگا دی۔ اس سے پہلے باخبر سوات ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق بحرین میں ٹمبر مافیا نے چار ہزار سے زائد دیار کے قیمتی درخت کاٹ دئے تھے۔ گذشتہ شب ڈپٹی کمشنر کے قریب مینگورہ شہر میں نامعلوم افراد نے سیکڑوں کی تعداد میں درختوں کاٹے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر سوات/ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان اللہ وزیر نے ضلع سوات میں جنگلات/ درختوں کی غیر قانونی کٹائی، نجی اور پروٹیکٹڈ ایریا میں چین سا اور دیگر آلات کے استعمال پر دفعہ 144 کے تحت دو ماہ کے لیے مکمل پابندی لگا دی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع سوات کے مختلف علاقوں میں سرکاری/ نجی اراضی اور محفوظ جنگلاتی علاقوں میں جنگلات/ درختوں کی غیر قانونی کٹائی دیکھی گئی ہے۔ ان علاقوں میں جنگلات کی کٹائی قدرتی آفات/ موسمیاتی تبدیلیوں میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ چین سا جیسے تباہ کن اوزار درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔ لہٰذا ان پر پابندی لگانا ضروری ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے سرکاری اور نجی زمینوں پرجنگلات کو تحفظ دینے اور ٹمبر مافیا کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر سیکشن 188 پی پی سی کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
