(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات پولیس نے سٹی سنٹر میں قائم ایک سیلون میں خاتون ورکر کے ایک لڑکے کا فیشل کرنے پر سیلون کو بند کردیا۔ دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ تھانہ رحیم آباد میں درج ایف آئی آر میں دفعہ PPC.292/294 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد نے سٹی سنٹر قمبر میں ”سکائی سیلون“ کے نام سے سیلون کھولا تھا، جس میں مرد ہیئر ڈریسر کے ساتھ خواتین ہیئر ڈریسر بھی کام کر رہی تھی۔ جمعرات کی صبح ایک لڑکے نے اس سیلون میں خاتون ورکر سے فیشل کروانے کی ویڈیو بنائی تھی اور سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ اس کے بعد وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور کئی لوگوں نے پوسٹ کی کہ افطاری کے بعد عوام نکل کر اس دکان کو بند کرنے کا سامان کریں۔ پولیس نے ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے انہوں نے ایف آئی آر کی اور سیلون کو بند کرکے خواتین ورکروں کو واپس ان کے علاقوں میں بھیج دیا گیا۔
