(باخبر سوات ڈاٹ کام) تحصیل بریکوٹ کے علاقہ ناگوہا میں 13 سالہ بچی سے نکاح کرنے والے 70 سالہ ظالم شخص، نکاح خواں، بچی کے والد اور گواہوں کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔ گذشتہ روز حنیفہ نامی شخص جو 8 بچوں کا باپ اور پوتوں نواسوں کا دادا اور نانا ہے، نے حال ہی میں پانچویں جماعت سے چھٹی جماعت میں پاس ہونے والی 13 سالہ بچی سے نکاح کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بچی کے باپ نے رشتے کے لئے بوڑھے شخص سے دس لاکھ روپے لئے تھے۔ ایس ایچ اُو تھانہ غالیگے روشن علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ بچی کو ہسپتال میں میڈیکل رپورٹ کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ قانونی تقاضے پورے کر رہے ہیں۔ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کارروائی کی جائیگی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بچی سے جب پوچھا جاتا ہے، تو وہ جواباً بتاتی ہے کہ مجھے نہیں معلوم شادی کیا ہوتی ہے۔ گذشتہ روز جب میں سکول سے آئی تو والد نے کہا کہ تمہاری شادی ہے، تو میں بیٹھ گئی اور والدہ نے ہاتھوں پر مہندی لگائی۔ میں بچیوں کے ساتھ گلی میں کھیلنے جارہی تھی لیکن والد نے منع کیا کہ تمہاری شادی ہے۔ بعد میں میڈیکل میں بچی کا عمر 12، 13 سال آنے پر پولیس نے70 سالہ دولھا حنیفہ اور بچی کے والد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
Swat
