(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات ڈاکٹر زاہد اللہ کی سربراہی میں ڈی پی او آفس میں عید الاضحی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے تمام پولیس آفیسرز کوعید الا ضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے 24 گھنٹے اپنے علاقے میں اہم چیک پوائنٹس، پبلک مقامات اور ضلع ہذا کے تمام داخلی راستوں پر ناکہ بندیاں کرنے کیلئے چیکنگ اور پٹرولنگ کے عمل کو مزید نتیجہ خیز بنانے، اپنے اپنے علاقہ اختیار میں مویشی منڈیوں میں جیب تراشی اور دیگر چوری کی واردات کی روک تھام کیلئے اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام پولیس اہلکاروں کو عید الاضحی کی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات کی سیر تفریح کیلئے آئے ہوئے سیاحوں کو ٹوریسٹ فسیلی ٹیشن سنٹر ز پر ”پہلے سلام پھر کلام“ والا تکیہ کلام اپناتے ہوئے خوش اخلاقی سے پیش آنے اورانہیں ہر قسم مدد و رہنمائی کی فراہمی کی بھی تاکید کی۔ مزید انہوں نے ایس پی ٹریفک کو عید الاضحی کے موقع پر ٹریفک جام کے مسائل سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے اور ٹریفک اہلکاروں کو اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے سیاحوں کے ساتھ نہایت احسن سلوک سے پیش آنے کی ہدایت کی۔
Swat
