Swat

سوات، پیاز کی بہتر پیداوار سے کسان خوش ہیں، خصوصی رپورٹ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں اس سال پیاز کی بہتر پیدوار کی وجہ سے کسان بہت خوش ہیں۔ سوات کی پیاز پنجاب کی منڈیوں میں پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ پچھلے سال سوات میں پیاز کی فصل پر ”تورکے“ نامی مرض لگاتھا، جس کی وجہ سے اس کا سائز چھوٹا اور داغدار تھا جس کی وجہ سے کسانوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ ایک کسان محمد گلاب نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس سال بہت بہتر فصل ہوئی ہے۔ مارکیٹ میں پیاز کا نرخ بھی اچھا ہے۔ اس لئے کسان بہت خوش ہے کہ ان کو سال بھر کی محنت کا پھل مل جائیگا۔ ایک اور کسان شفیق الرحمان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو تایا کہ اس وقت ملک بھر میں سوات، بلوچستان اور افغانستان کی پیاز موجود ہے اور ان سب میں سوات کی پیاز پسند کی جاتی ہے۔ پنجاب کی منڈیوں میں اس وقت پیاز کی ایک بوری 8 ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے جس سے کسان مطمئن ہے۔ محکمہ زراعت سوات کے مطابق سوات میں 4450 ایکڑ زمین پر پیاز کی پیدوار ہوتی ہے۔ ہر سال ایک کروڑ 16 لاکھ کلوگرام کی پیاز اس زمین پر اُگتی ہے۔ اس وقت پیاز کے ایک کلو کی قیمت 100 روپے سے 120 روپے تک ہے، تو اس سے سوات کے کسانوں کو 11 ارب 60 کروڑ سے زائد رقم ملتی ہے۔ سوات میں پیاز کی فصل سے ہزاروں لوگوں کو سال بھر روزگار ملتا ہے۔ سوات میں ستمبر کے مہینے میں پیاز اُگائی جاتی ہے۔ پھر جون تک اس میں محنت کش کام کرتے ہیں اور جون سے جولائی تک پیاز بوریوں میں بند کرکے منڈیوں میں ارسال کی جاتی ہے۔ جب پیاز کی فصل ختم ہوجاتی ہے، تو پھر ان کھیتوں میں ٹماٹر، بعد میں گندم اور چاول کی فصل کاشت کی جاتی ہے جس کی وجہ سے سال بھر ہزاروں افراد کو روزگار ملتا ہے۔ سوات کی پیاز ذائقہ دار ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں پسند کی جاتی ہے۔ کسان محمد نعیم نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سوات میں پیاز کے بیشتر کھیت دریائے سوات کے کنارے ہیں۔ اس فصل کو دریائے سوات کے ٹھنڈے پانی سے سیراب کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے سوات کی پیاز میں خصوصی ذائقہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کو پسند کیا جاتا ہے۔ منڈیوں میں باقی پیاز سے مہنگی فروخت ہوتی ہے۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔