مینگورہ(باخبر سوات ڈاٹ کام) ضلعی حکومت کی جانب سے سوات یوتھ اینڈ کلچرل فیسٹول کا انعقاد کیا گیا۔ مینگورہ میں منعقدہ اس فیسٹول میں ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ خان، ضلعی انتظامیہ کے افسران، تحصیل ناظمین، ضلع و تحصیل کونسلوں کے ارکان، کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ فیسٹول میں پختون کلچرل کو مثبت انداز میں پیش کیا گیا۔ فیسٹول میں شام موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں پشاور، سوات اور دیگر علاقوں کے مرد اور خواتین گلوکاروں نے گانے گائے اور حاضرین سے داد وصول کی۔ ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ خان نے فیسٹول میں سوات میں مختلف شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے والی شخصیات میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔ فیسٹول کی آرگنائزر نسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ یہ فیسٹول اگلے سال بھی منعقد کیا جائے گا اور اس سے دنیا بھر کو پیغام جائے گا کہ سوات میں اب مکمل امن ہے۔
