(باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ سوات موٹروے کو اپریل تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ چکدرہ سے مینگورہ تک سڑک کی تعمیر چھے ماہ میں مکمل ہو جائے گی۔ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی ومرکزی حکومتوں نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کی مشکلات کے حل کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔چالیس ارب روپے کی لاگت سے صوبائی حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ سوات موٹروے کا ستر فیصد کام مکمل ہوچکاہے اور اس کو اپریل کے آخرتک عوام کے لئے کھول دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوات بیوٹیفکیشن کے لئے ایک ارب اٹھارہ کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں چودہ سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ یہ چھبیس کلومیٹر لمبی ہیں۔ اس میں بائیس کلومیٹر پانی کے نالوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مینگورہ شہر کی صفائی کے لئے میگاپراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ ماضی میں آٹھ کروڑروپے مختلف منصوبوں پر ضائع کیے جاچکے ہیں مگراب نئے منصوبوں کو شفاف بنایاجارہاہے۔ اس موقع پر ڈی سی سوات عامر آفاق، اے سی سوات شہاب علی خان اور متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے
