سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ نے کہا ہے کہ پولیو ہمارا قومی المیہ بن چکا ہے۔ یہ داخلی اور خارجی دونوں سطح پر عظیم قومی نقصان کا باعث بنا ہے۔ پولیو ایک طرف ہمارے پھول سے بچوں کو دائمی اپاہج بنارہا ہے تو دوسری طرف ہم پر بین الاقوامی پابندیوں میں اضافے کا سبب بھی ہے ۔میڈیا بھی اس نازک مرحلے میں اپنا فرض ادا کرے ،جو دراصل قوم کا نبض شناس ہے۔ ہمیں درپیش بڑا چیلنج پولیو ویکسین کے خلاف دشمن قوتوں کا منفی پروپیگنڈا اور بعض والدین کا بچوں کو یہ ویکسین پلانے سے انکار ہے۔ آج صرف افغانستان اور پاکستان دو پولیو زدہ ممالک رہ گئے ہیں۔ یہ قوم کے ماتھے پر لگا بدنما داغ ہے۔ اسکی بڑی وجہ یہاں جاری طویل دہشت گردی ہے مگر عالمی برادری ہماری قربانیوں کا عذر ماننے کو بھی تیار نہیں۔ اسلئے ہم دونوں ممالک کو مل کر یہ داغ دھونا ہے، جس میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے ۔وہ سیدو شریف میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے زیراہتمام جنوبی اضلاع کے صحافیوں کیلئے منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی نشست سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ پہلے روز ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور بنوں جبکہ دوسرے روز لکی مروت، کوہاٹ اور ہنگو کے صحافیوں کو انسداد پولیو میں درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ،یونیسیف کے ڈاکٹر جوہر خان،ڈاکٹر اعجازالرحمان،بی ایم جی ایف کے ڈاکٹر امتیاز علی شاہ ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر علاؤالدین اور دیگر ماہرین نے پولیو کی روک تھام میں پیش رفت اور والدین سمیت معاشرہ کے تمام طبقات میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں ذرائع ابلاغ کے کردار پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔
Swat