سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) مینگورہ شہر کے مختلف علاقوں میں بخار کی پر اسرار وبا پھیل گئی۔ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ پر اسرار بیماری میں مبتلا ہوگئے۔ فیض آباد سیدو شریف، امانکوٹ ، ملوک آباد ، قاضی بابا اور گرد نواح کے علاقوں میں مقامی لوگوں کے مطابق ہر گھر میں تین سے پانچ افراد اس بخار کا شکار ہوگئے ہیں، جو شخص متاثر ہوتا ہے، اس کو تیز بخار کے ساتھ اس کے بدن کے مختلف حصوں میں شدید قسم کا درد ہوتا ہے۔ سیدو شریف ہسپتال اور نجی ہسپتال اس بخار میں مبتلا مریضوں سے بھر ے پڑے ہیں ۔ سوات میڈیکل کالج کے سینئر فزیشن ڈاکٹر عبدالواسع نے رابطہ پر اس پر اسرار بیماری کی تصدیق کی اور کہا کہ بڑی تعداد میں مینگورہ کے مختلف علاقوں کے لوگ جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بخار میں مبتلا افراد کے ڈینگی اور چکن گونیا کے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں لیکن دونوں امراض ان مریضوں میں نہیں ہیں۔یہ ایک الگ سے بیماری ہے جس کی تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی اور اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ پر اسرار بخار میں مبتلا مریضوں نے صوبائی حکومت اور محکمۂ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر خصوصی میڈیکل ٹیم علاقہ میں بھیج دیں، تاکہ وہ اس بارے تحقیق کریں کہ یہ کونسی بیماری ہے اور مختلف علاقوں میں موجود مریضوں کا معائنہ کرکے ان کا فوری علاج کریں، تاکہ اس بیماری کی تشخیص ہو سکے اور قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہوں۔
Swat
