سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) کور کمانڈر پشاور جنرل نذیر بٹ نے کہا ہے کہ وادئی سوات کے عوام نے انتہائی بھیانک حالات کا سامنا کیا ہے۔35 لاکھ افراد نے ہجرت کی اور اپنی فورسز کا بھر پور ساتھ دیا جس کی وجہ سے سوات سے دہشت گردی ختم ہوئی۔ آج سوات کے عوام پُرامن ماحول میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ سوات میں فوج سے سول انتظامیہ کو اختیارات کی منتقلی کی تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز نے چار مہینے کے مختصر وقت میں سوات سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا اور یہاں کے غیور عوام نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کی وجہ سے امن قائم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سوات سے بھاگنے کے بعد دہشت گرد وں نے پڑوسی ملک میں پناہ گاہیں قائم کیں اور وہاں سے آکر اب حملوں کی کوشش کرتے ہیں جس کو ہم ناکام بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر خار دار تار لگانے اور چوکیاں قائم کرنے کا کام جاری ہے۔ اس کے مکمل ہونے کے بعد سرحد پار سے دہشت گردوں کا پاکستان میں داخلہ بند ہو جائے گا۔
Swat
