(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے کہاہے کہ بااختیار وزیر اعلیٰ ہوں اور اپنے فیصلوں میں خودمختار ہوں۔ فی الحال کابینہ میں ردوبدل کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ضرورت پڑنے پر فیصلہ کرسکتے ہیں۔ بعض مفاد پرست لوگ میرے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ میرے وزیر اعلیٰ بننے سے کسی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے، تو انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ فلائی جیل گولیاں لیں۔ مرکزی حکومت کے ذمہ بقایات بہت جلد مل جائیں گے۔ سوات ایکسپریس وے کو 25 مئی کو چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دی جائے گی، جس سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ سیاحتی مقام گبین جبہ روڈ بھی 6 جون تک مکمل ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں اپنی رہائش گاہ پر کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ صوبے میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، جس سے ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔ بی آر ٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پشاور بی آرٹی پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا، جس سے غریب عوام مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویڑن کے سب سے بڑے سیدو شریف اسپتال، جہانزیب کالج اور ڈسٹرکٹ جیل کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بہت جلد یہ عوامی منصوبے پایہئ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ملم جبہ روڈ اورکالام روڈ پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی سیزن میں ملم جبہ روڈ کی 18 کلومیٹر سڑک کو تعمیر کیا جائے گا جس سے سیاحوں کو کافی سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین کو بتانا چاہتاہوں کہ وہ لاکھ چاہے پروپیگنڈے کریں، لیکن ایک دن آئے گا جب خیبر پختونخوا کو ایک ماڈل صوبہ کے طور پر بنا یا جائے گا، جس سے یہاں پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور عوام کی تمام تر محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
Swat
