Swat

سوات کے انار نے قندھاری انار کو پیچھے چھوڑ دیا، خصوصی رپورٹ

سوات   (باخبر سوات ڈاٹ کام)     سوات کو پھلوں اور فصلوں کا گھر کہا جاتا ہے۔ سوات میں مختلف قسم کے پھلوں کی پیداوار ہوتی ہے، جن میں آڑو اور سیب سر فہرست ہیں۔ لیکن چند سالوں سے لوگوں نے انار کے باغات بھی یہاں لگائے ہیں۔ سوات میں جس انار کی پیدوار ہوتی ہے اس کو ”انارِصالح“ کہا جاتا ہے۔ یخ موسم اور اچھی آب و ہوا کی وجہ سے سوات کے انار سائز میں بڑے، زیادہ میٹھے اور زیادہ رس بھرے ہوتے ہیں، جس کی وجہ اس کو ملک بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ زمین داروں کا کہنا ہے کہ سوات کا انار افغانستان کے شہر قندھار کے انار سے بہتر ہے۔ اس کا سائز، مٹھاس اور رس قندہار کے انار سے زیادہ ہوتا ہے۔سوات میں زیادہ تر باغات آڑو اور سیب کے ہیں، لیکن زیادہ منافع اور کم محنت کی وجہ سے اب زمین داروں نے انار کے باغات لگانا شروع کر دیے ہیں۔  سوات کے انار کو زیادہ تر پنجاب اور سندھ کی منڈیوں میں بھیجا جاتا ہے۔  نویکلے ابوہا کے ایک زمین دار محمد پرویز خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایک پیٹی میں آٹھ کلوگرام تک انار آتا ہے، جو منڈیوں میں 18 سو سے 2 ہزار روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ اس کی قیمت اڑھائی سو روپے فی کلو بنتی ہے۔ منڈی کے بعد دکانوں میں سواتی انار فی کلو پانچ سو سے ساڑھے پانچ سو روپے فروخت ہوتا ہے۔ انار کے زمین دار محمد پرویز خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ انہوں نے تین کنال میں ایک باغ لگایا ہے۔ ایک درخت سے دوسرے درخت کا فاصلہ نو سے دس فٹ ہوتا ہے۔ ایک درخت سالانہ سو تا ایک سو بیس کلو انار پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انارمنافع بخش پیداوار ہے۔ اس لئے زمین داروں کو چاہیے کہ وہ دیگر پھلوں کے ساتھ انار کے درخت بھی لگائیں۔ پاکستان کے باقی ان علاقوں جہاں انار کی پیدوار ہوتی ہے، گرم موسم کی وجہ پیداوار جون سے جولائی کے مہینے تک ختم ہوجاتی ہے۔ جبکہ سوات کا انار ماہِ اگست کے پہلے دنوں میں تیار ہو جاتا ہے اور  مذکورہ مہینے کے آخر تک رہتا ہے۔ اس لیے ان  مہینوں میں ملک بھر میں جو انار خریدا جاتا ہے، وہ سب سوات کا ہوتا ہے۔زمین داروں کا کہنا ہے کہ آڑو، سیب یا دیگر پھلوں کے درخت لگانے کے بعد پانچ تا چھے سال بعد پیدوار حاصل ہوتی ہے جب کہ انار کا درخت ایک سال بعد پیدوار دیتا ہے۔ہر آنے والے سال میں اس کی پیداوار میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے زمین داروں کو بھی زیادہ منافع ہاتھ آتا ہے۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔