سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے صدر اور سابق صوبائی وزیر ایوب خان اشاڑے سے پولیس سیکورٹی لینے کے بعد پولیس نے خط لکھ کر دہشت گردوں کے ممکنہ حملے سے خبردار کردیا۔ حکومت کے خلاف چند روز پہلے جلسہ سے خطاب کے بعد ان سے پولیس سیکورٹی واپس لی گئی تھی۔ گذشتہ روز ڈی پی او نے ایک خط کے ذریعے ان کو آگاہ کیا کہ آپ کی ذات کو دہشت گردوں سے خطرہ لاحق ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی سرگرمیاں محدود کردیں۔ ایوب خان اشاڑے نے رابطہ پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو خط کی تصدیق کی، اور کہا کہ ڈی پی او نے سیکورٹی واپس لی ہے۔ اب وہی آفیسر کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ شورش کے دوران ایوب اشاڑے کے خاندان کے کئی افراد کو شدت پسندوں نے قتل کیا تھا اور ایوب خان کا مکان مسمار کیا تھا۔
