(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کی اہم سیاسی شخصیت، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی فیروز شاہ ایڈوکیٹ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق اور ایک ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔ فیروز شاہ ایڈوکیٹ تحصیل کبل کے علاقہ دمغار میں نمازِ مغرب کے بعد مسجد سے نکل کر گھر جارہے تھے کہ مسجد کے باہر نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ان کو طبی امداد کے لئے شیخ زید النہیان ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ واقعہ کے بعد فورسز نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ فیروز شاہ ایڈوکیٹ نے سوات میں شورش کے دوران امن کے لئے اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ دمغار میں رہائش پذیر تھے۔ یہ علاقہ ملا فضل اللہ کے علاقہ امام ڈھیرئی کے ساتھ ہے۔ امن کی بحالی اور شدت پسندی کے خلاف آواز اٹھانے پر ان کو بار بار دھمکیاں مل رہی تھیں جس کے بعد وہ کچھ عرصہ کے لئے اپنے بیٹے کے ہاں امریکہ گئے تھے۔ دمغار میں مختلف اوقات میں فیروز شاہ ایڈوکیٹ کے خاندان کے افراد کو نشانہ بنا یا گیا۔ اس علاقہ میں اے این پی کے ایم پی اے شمشیر علی خان ایڈوکیٹ پر خود کش حملہ کیا گیا جس میں وہ جاں بحق ہوئے تھے۔ فیروز شاہ ایڈوکیٹ کے قریبی رشتہ دار اور سماجی شخصیت افضل خان بھی اس علاقہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے۔
Swat
