سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) محکمہ جنگلات کے آفیسر نے21 سالہ یسیر چوکیدار کا تبادلہ دوسرے ضلع میں کر دیا۔21 سالہ حضرت علی ساکن سیدو شریف کے والد محکمہ جنگلات میں نائب قاصد تھے۔2007ء میں دورانِ ملازمت انتقال کر گئے۔ والد کے انتقال کے بعدچار بھائیوں اور دو بہنوں میں سب سے بڑا حضرت علی نے دسویں جماعت میں تعلیم چھوڑ کر مزدوری شروع کردی۔ مشکل سے گھر کا چولہا اور بیمار والدہ کا علاج کروایا اور در در کی ٹھوکریں کھانے کے بعد آخر کار اس کو 2017ء میں محکمہ جنگلات نے ”سن کوٹہ“ میں چوکیدار بھرتی کیا۔ چند روز قبل کنزرویٹر نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر کے سربراہ یسیر چوکیدار کا تبادلہ ضلع سوات سے ضلع شانگلہ کردیا، جس کی وجہ سے18ہزار روپے تنخواہ لینے والا چوکیدار نہ تو دوسرے ضلع میں کرایہ کا مکان لے سکتا ہے اور نہ گھر آنے جانے کا کرایہدے سکتا ہے۔اب ان کے گھر میں دوبارہ فاقے شروع ہوگئے ہیں۔ اس سلسلے میں کنزرویٹر محمد ریاض کا مؤقف جاننے کے لئے ان کو فون کیا، جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ آپ میرے دفترآجائیں پھر میں آپ کو سمجھا دوں گا۔ کم عمر چوکیدار نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا تبادلہ سوات کیا جائے، تاکہ وہ بیمار والدہ کا علاج اور گھر کا چولہا جلا سکے۔
Swat
