(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس سیدو شریف سوات میں ڈویژن بھر کے اضلاع کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں سرکاری اراضیات سے متعلق زیرِالتوا مقدمات،مختلف سرکاری منصوبہ جات کے لیے اراضیات کے حصول سے متعلق کیس،سرکاری فیسوں کی ریکوری،میوٹیشن سمیت اراضیات کی کمپیوٹرائزیش و دیگر امور کے بارے میں انتظامیہ کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں دئیے گئے اہداف کے حصول کیلئے مختلف قابل عمل تجاویز زیر غور لائی گئیں۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے مجموعی طور پر تمام اضلاع کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تمام انتظامی افسران کو مختلف شعبہ جات میں انتظامی طور پر مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں مختلف شعبہ جات میں سرکاری منصوبوں کیلئے اراضی کے حصول کی غرض سے خیبرپختونخوا لینڈ ایکیوزیشن ایکٹ 2020ء کے تحت تمام درکار دستاویزات متعلقہ محکموں سے طلب کرنے کی ہدایت کی، تاکہ ضروری نوعیت کے اراضیات کے حصول میں کسی بھی قسم کی تکنیکی روکاوٹ حائل نہ ہو اور منصوبہ جات کیلئے اراضی کی فراہمی کا طریقہ کار سہل ہو۔
Swat
