(باخبر سوات ڈاٹ کام) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے پیر کے روز ریجنل پولیس آفس سیدوشریف سوات میں باجوڑ اور سوات پولیس کے افسران و نوجوانوں میں بہترین کارکردگی دکھانے پر توصیفی اسناد تقسیم کیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز باجوڑ پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 9 کلو سے زائد افیون برآمد کرلی تھی۔ سوات پولیس کے جوانوں نے تھانہ خوازہ خیلہ کے حدود میں ڈکیتی میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا تھا۔ آر پی او ملاکنڈ سجاد خان نے پولیس افسران اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے توصیفی اسناد دی جائیں گی، جب کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکارنہایت خوش اخلاقی کے ساتھ لوگوں سے پیش آئیں۔ پولیس کا پیشہ ملازمت کے ساتھ ساتھ عبادت کے مترادف ہے۔
Swat
