(باخبر سوات ڈاٹ کام) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے سوات پولیس کو سود خوروں، منشیات فروشوں،بھتا خوری اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کی لسٹیں تیار کرکے ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انھوں نے ضلع میں ٹریفک نظام کی بہتری پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔پولیس کے حل طلب مسائل کے پائدار حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آر پی او نے کہا کہ سوات پولیس نے گذشتہ حالات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں اپنی جرات اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، جس کی بدولت سوات کی دھرتی پر آج امن قائم ہے۔ پولیس فورس اپنے فرائض میں شامل تمام ذمے داریاں، خلوصِ نیت اور ایمانی جذبے کیساتھ نبھائیں، جبکہ اپنے عوام کے ساتھ شائستگی اور محبت بھرے رویے کیساتھ پیش آئیں، تاکہ ان کے دلوں میں اپنی پولیس کے بارے میں احترام کا رشتہ اور احساس موجود ہو۔ انھوں نے کہا کہ پولیس جرائم کی روک تھام، سماج دشمن اور علاقے میں امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر اور منشیات کے قبیح دھندے میں ملوث مافیاز کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے، تاکہ سماج کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی مکمل سرکوبی کی جاسکے اور جرائم اور برائیوں سے ایک پاک معاشرہ پلے پھولے۔ آر پی اُو کا مزید کہنا تھا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کی شکایات کا مکمل اور اطمینان بخش ازالہ کیا جائے اور مقدمات کی تفتیش میں ہر لحاظ سے میرٹ،انصاف اور شفافیت کا خیال رکھا جائے۔
Swat
