(باخبر سوات ڈاٹ کام) تحصیل کبل کے علاقہ توتانو بانڈئی کے رہائشی افراد نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گذشتہ پندرہ سال سے ان کے گھروں اور زمینوں پر قبضہ کیا ہے۔ لہٰذا ہمارے گھر اور زمین ہم کو واپس کی جائے۔ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متاثرین انور علی، محمد علی شاہ، امیر زیب، ظفر علی، اجمیر پرویز اور نادر خان نے کہا کہ ہماری ایک سو پچاس کنال زمین پر آج بھی قبضہ ہے۔ ہمیں وہاں جانے تک نہیں دیا جا رہا ہے۔ ہمارے چھے مکانات بھی ہیں۔ صرف اُن مکانات کا کرایہ ہمیں دیا جا رہا ہے۔ باقی ہماری زمینوں سے اناج کا ایک دانہ بھی ہمیں میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زمینوں کے ہوتے ہوئے ہم دوسرے گاؤں میں کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر ہیں،جبکہ ہماری ایک نسل دوسرے علاقوں میں جوان ہوئی ہے۔ جو اَب ہم سے پوچھ رہی ہے کہ ہماری اپنی زمینیں ہمیں کیوں نہیں دی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے گھر اور زمین ہمارے حوالے نہ کی گئی، تو ہم شدید احتجاج کریگی۔
Swat
