(باخبر سوات ڈاٹ کام) ملم جبہ کے خوبصورت علاقہ شین کڈ کو جانے والی سڑک کا تعمیراتی کام دو سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا۔ ٹھیکیدار کی مجرمانہ غفلت کی وجہسے پل تنگ بنایا گیا ہے اور جنگلے نہ لگانے کی وجہ سے حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ گذشتہ ہفتے بھی موٹر کار گاڑی پل سے نیچے گر گئی تھی، جس میں ایک شخص نبی محمد ولد شیر محمد سکنہ گناجیر موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا پندرہ سالہ نوجوان جواد سکنہ گناجیر گذشتہ روز انتقال کرگیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق نوجوان جواد گھر کا واحد کفیل تھا۔ حادثے میں ایک شخص کی ریڑھ کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں ٹھیکیدار ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے اورتعمیراتی کام کو ادھورا چھوڑ کر غائب ہوگیا ہے۔ ہم نے بار بار انتظامیہ کو شکایات کی ہے لیکن انتظامیہ بااثر ٹھیکیدار کے سامنے بے بس ہے۔اگر ٹھیکیدار فنڈز نہ ہونے کا بہانا بنارہا ہے، تو مذکورہ سڑک پر صرف دو دن کی کٹائی باقی ہے۔ ٹھیکیدار یہ کام مکمل کرلے، تاکہ حادثات میں کمی آسکے۔ تارکول کا کام بعد میں کیا جائے۔ ہم انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ مذکورہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ ہمارا مسئلہ حل ہوجائے۔ اگر ہمارا مسئلہ حل نہ ہوا، تو ملم جبہ سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرکے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرینگے۔
Swat