(باخبر سوات ڈاٹ کام) بجلی بلوں میں حالیہ اضافے کے بعد بھاری بھر کم بل آنے کے بعد لوگوں نے بجلی بلوں کے داخلے کے لئے بھیک مانگناشروع کردیا۔ ماہِ جولائی کے بل توقع سے زیادہ آنے کے بعد مڈل اور لوئر کلاس کے لوگ ان بلوں کے بھرنے کی طاقت نہیں رکھتے، جس کی وجہ سے بل آنے کے بعد سے سفید پوش بیشتر خواتین کو بازار میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے باپردہ حالت میں ہاتھوں میں بجلی کے بل پکڑ رکھے ہیں، اور بل بھرنے کے لئے رقم مانگ رہی ہیں۔ ایک باپردہ خاتون نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کے گھر میں دو پنکھے اور چار ایل ای ڈی بلب ہیں۔ ان کا بجلی بل 8ہزار روپے سے اوپر آیا ہے۔ ان کے بیٹے کی آمدنی بہت کم ہے۔ اگر انہوں نے بل داخل نہیں کیا، تو پیسکو والے ان کا میٹر لے جائیں گے، جس کے بعد ان کے گھر میں اس گرمی میں بہت برا حال ہوگا۔ اس وجہ سے وہ مجبور ہوکر بل کے داخلے کے لئے بھیک مانگنے پر مجبور ہوئی ہیں۔
