(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے علاقہ چارباغ میں خواتین کھلاڑیوں کو کرکٹ میچ سے زبردستی روکنے کے بعد میڈیا، سو شل میڈیااور سول سو سائٹی کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سوات نے خواتین کھلاڑیوں کے درمیان خفیہ طور پر میچ کا انعقاد کیا جس میں میڈیا کو مدعو نہیں کیا گیا، نہ کسی کو اس بارے علم ہی ہو سکا۔ شام کے وقت ڈی سی سوات کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ضلع سوات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ویمن کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ایونٹ میں ضلع بھر سے 27 خواتین کھلاڑی شریک ہیں۔ خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلے گئے پہلے میچ میں مینگورہ الیون کرکٹ ٹیم نے کبل الیون ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے ہرا دیا۔ کبل الیون ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ مینگورہ الیون کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ دس اوورز میں 129 رنز بنائے جس میں مناہل نے 76 جبکہ مہوش نے 28 رنز بنائے، جواب میں کبل الیون کی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 122 رنز بنائے لیکن کامیاب نہیں ہوئی۔ اس طرح مینگورہ الیون ٹیم نے کبل ٹیم کو سات رنز سے ہرا کر میچ جیت لیا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے چارباغ کی مساجد کے پیش اماموں کے ساتھ مل کر خواتین کھلاڑیوں کے درمیان کرکٹ میچ کو زبردستی روکا تھا اور خواتین کھلاڑیوں کو علاقہ بدر کیا تھا۔
Swat
