(باخبر سوات ڈاٹ کام)جوڈیشل کمپلیکس کے قریب فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جاں بحق اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈی ایس پی پشاور کینٹ کا بھائی باچا حسین اور ایک راہگیر محمد امین شامل ہیں۔ پولیس بیان کے مطابق ایک فریق سے محمد علی، نواب خان اور باچا حسین اور دوسرے فریق سے اعجاز خان، اکبر خان، جہانگیر خان، صابر خان اور سلمان ساکنان امانکوٹ نے اسٹیڈیم روڈ سیدو شریف میں واقع زمین کے تنازع پر فائرنگ کی جس میں تین پولیس اہلکار سردار علی، شکیل اور افتخار بھی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق علاقہ میں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق صبح سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ پولیس دوپہر کے وقت پہنچی۔ مشتعل مظاہرین نے روڈ بند کرکے احتجاج کیا اور ملزمان کی گاڑی بھی جلا ڈالی۔ مقتولین کو سخت سیکورٹی میں شام کے بعد سپردِ خاک کردیا گیا۔ صبح سے جاری فائرنگ سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور بعض علاقوں میں لوگوں نے دکانیں بھی بند کی تھیں۔
Swat
