(باخبر سوات ڈاٹ کام) قومی اصلاحی تحریک خیبر پختونخوا کے مرکزی صدر سہراب علی و دیگر قائدین نے ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد علی خان سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ قومی اصلاحی تحریک خیبرپختونخوا کے صدر نے ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ کو تحریک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تحریک کے حوالے سے قائدین نے آر پی او ملاکنڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قلیل عرصے میں خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں درینہ مسائل، دشمنی، تنازعہ جائیداد اور دیگر بڑے بڑے مسائل جن سے قوی نقصان کا اندیشہ ہو، جرگے کے ذریعے حل کئے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد علی خان نے قومی اصلاحی تحریک خیبر پختونخوا کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن ایک پُرامن اور سیاحتی علاقہ ہے، یہاں کے لوگ انتہائی معززاور مہمان نواز ہیں۔یہاں کے لوگوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر گذشتہ نا مساعد حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اس دھرتی پر امن قائم کیا۔
