Swat

سوات، سال 2023ء کیسا رہا، خصوصی رپورٹ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں سال 2023ء کو امن کا سال قرار دیا جارہا ہے۔ امسال سوات میں زیادہ تر امن رہا۔ امسال24 اپریل کو پولیس لائن کبل میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 17 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔ تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردی نہیں تھی۔ سی ٹی ڈی کے گودام میں موجود بارودی مواد میں دھماکہ ہوا تھا۔ 8 جون کو سبزی منڈی کے قریب ٹارگٹ کلنگ میں دوران ڈیوٹی دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔ اس طرح سال کا آخری واقعہ28 اگست کو ملم جبہ روڈ پر پیش آیا تھا جہاں تلیگرام پولیس چوکی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی، جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔ پچھلے سال 2022ء میں جب کچھ طالب کمانڈر افغانستان سے داخل ہوئے تھے اور مٹہ کی پہاڑی پر موجود تھے، تو اُس وقت سوات کے لوگوں نے نشاط چوک مینگورہ اور پھر سوات کی سات تحصیلوں میں تاریخی احتجاج کرکے دہشت گردوں کو واپس جانے پر مجبور کیا تھا۔ سیاحت کے حوالے سے بھی انتظامیہ اور پولیس کا کہنا ہے کہ امسال 108 ممالک سمیت لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے سوات کا دورہ کیا۔ محکمہ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق امسالملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے 95 ہزار 320 گاڑیوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 25 ہزار 678 ملکی اور بیرونی ممالک کے 4 ہزار 511 سیاحوں نے ضلع سوات کے سیاحتی مقامات، مرغزار، ملم جبہ، گبین جبہ، بحرین اور کالام اور دیگر سیاحتی مقامات کی سیر و تفریح اور یخ ہواؤں اور سفید پوش پہاڑوں کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے یہاں کا رخ کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں