(باخبر سوات ڈاٹ کام) سابق وزیر اعلیٰ اور پی ٹی آئی پی کے وائس چیئرمین محمود خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے گرم کمروں میں چند لوگ بیٹھ کر ملک کے عوام کے فیصلے کرتے ہیں۔ ان کو معلوم نہیں ہوتا کہ فروری کے سرد مہینے میں پہاڑی علاقوں کے لوگ میدانی علاقوں کی جانب نقلِ مکانی کرتے ہیں، تو 08 فروری کو وہ ووٹ کیسے دیں گے۔ سیدو شریف کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی8 فروری کے انتخابات کے لئے تیار ہے اور وہ بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔ اس موقع پر پیپلز پپارٹی کے سابق امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی فخر الزمان اورانور زمان نے پیپلز پارٹی سے باون سالہ رفاقت کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر محب اللہ خان بھی موجود تھے۔ محمود خان نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی اس صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے اور آیندہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بیشتر حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے اور کچھ حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ آج جمعہ تک اپنے تمام امیدواروں کا اعلان کردیں گے۔
