Swat

مٹہ چاتیکل، مکان پر تودہ گرگیا، چار افراد جاں بحق،تین بچے زخمی

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں شدید بارش و برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ تحصیل مٹہ کے پہاڑی علاقہ چاتیکل میں مکان پر تودہ گرنے سے خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوگئے۔ علاقہ کے ایس ایچ او کے مطابق تودہ غزن خان کے گھر پر گرا جس سے مکان کی چھت بیٹھ گئی اور اہل خانہ ملبے تلے دب گئے۔ ایس ایچ او کے مطابق ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تین مردوں اور ایک خاتون کی لاشوں کو ملبے سے نکالا ہے۔ تین بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملبے میں مزید تین افراد کی تلاش جاری ہے۔ مٹہ کے علاقہ چپریال میں بارشوں کی وجہ سے شاہ اسلام کی مکان کی چھت گرگئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ملم جبہ، کالام اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ مٹلتان کے قریب برفانی تودہ گرنے سے کالام، مہو ڈنڈ روڈ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے دریائے سوات میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا۔ پانی بائی پاس روڈ کے اوپر بہنا شروع ہوگیا جس کی وجہ سے مینگورہ بائی پاس روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ برف باری دیکھنے سیاحوں کی بڑی تعداد کی سوات آمد جاری ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹائروں کو چین لگا کر برفیلے علاقوں میں جائیں۔ سوات انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع بھر میں شدید بارشوں اور برف باری کے باوجود ضلع انتظامیہ اپنے فرائض بخوبی نبھانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ تحصیل انتظامیہ خوزاہ خیلہ کے مطابق شانگلہ ٹاپ روڈ پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کی ہدایات کے مطابق تمام شاہراہوں / سڑکوں کی نگرانی اور بروقت صفائی کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ محمد ادریس خان کی رپورٹ کے مطابق تمام راستوں / سڑکوں کی نگرانی جاری ہے۔ متعلقہ ادارے بروقت ان راستوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔ ہر وقت راستوں کو کھلا رکھنے کا سنو کلئیرنس آپریشن دن رات جاری ہے۔ تمام ادارے الرٹ کر دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں