Swat

ملاکنڈ ڈویژن میں کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور

(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں آج سب کو پیغام دے رہا ہوں کہ عمران خان ایک نظریے کا نام ہے۔ ہمارے لیڈر کو جیل میں ڈالنے والوں سن لو، زرداری، شہباز شریف اور مریم نواز ہمارے مجرم ہیں۔ اگر تم لوگ یہ سمجھتے ہو کہ تم جبر کرکے ہمارے کارکنوں کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کردوگے، تو یہ تمہاری بھول ہے۔ تم لوگوں نے اس ملک کے ساتھ مذاق شروع کیا ہے۔ وہ اب چلنے نہیں دیں گے۔ پشتون قوم اگر سرحد کے اِس پار ہے، یا اُس پار ان کا خون مزید بہنے نہیں دیں گے۔ اس ملک کے لئے فوج کے شانہ بشانہ اگر کوئی لڑا ہے، تو وہ پشتون ہے۔ گراسی فٹ بال اسٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو شخصیات اس ملک اور اداروں کو بدنام کر رہے ہیں، ہم ان کو نہیں مانتے۔ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم ٹیکس لگائیں گے، ان کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا۔ فاٹا ہو یا پاٹا، جب تک میں زندہ ہو ں، تو کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگاسکتا۔ اس بار بھی آئین توڑا گیا۔ ہمارے لیڈر کے خلاف تین سو ایف آئی آریں درج کی گئی ہیں۔ اگر کوئی کہتا ہے کہ ہم حساب نہیں لیں گے، تو ہم اپنے قائد کے ایک دن کا حساب سو دن کے برابر لیں گے۔ نواز شریف انگریزوں کا غلام ہے۔ ہمارے آبا و اجداد نے انگریزوں کو بھگایا ہے۔ اس صوبے کی پولیس نے کسی کے کہنے پر ہم پر ظلم کیا تھا، لیکن میں نے کچھ نہیں کہا۔ کیونکہ یہ پولیس عمران خان کے سپاہی ہیں اور جب بھی میں اس صوبے کے حقوق کے لئے نکلوں گا، تو یہ پولیس بھی ساتھ ہوگی۔ آپ لوگوں نے کس جرم میں ہمارے لیڈر کو گرفتار کیا ہے۔ کیا یہ تمہارے باپ کا ملک ہے۔ اس صوبے میں ترقی، روزگار اور صحت کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس صوبے میں رشوت نہیں چلے گی۔ یہ رشوت فری صوبہ ہوگا۔ سوات میں جو لوگ جنگل کاٹ رہے ہیں، لوگ ان کے ہاتھ کاٹ دیں۔ ہم صرف بلڈنگ نہیں دیں گے، اس کے ساتھ مکمل سہولیات دیں گے۔وہ وقت دور نہیں جب عمران خان ہمارے درمیان ہوگا۔ ہمیں ہمارا مینڈیٹ ملے گا۔ ہم حق کے لئے آگے بڑھیں گے، چاہے بارش ہو، دھوپ ہو یا برف باری۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں