(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت57 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تحصیل کبل کے علاقہ میاں بیلہ میں ڈاٹسن کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔ بحرین کے علاقہ تور وال میں موٹر کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر دیوار سے ٹکرا گئی جس میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ مٹہ میں سواریوں سے بھری فلائنگ کوچ میں ایل پی جی سلنڈر میں آگ لگنے سے گاڑی میں سوار چودہ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ تحصیل بریکوٹ کے علاقہ تندو ڈاگ میں سوزکی بریک فیل ہونے سے حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 8 افراد زخمی ہوگئے۔مٹہ میں اشاڑے کے مقام پر دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ تور وال بحرین میں بھی دو موٹر کاروں میں تصادم کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔گنگا بحرین کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ بریکوٹ کے علاقہ مانیار میں کچے مکان کی چھت گرنے سے نو افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔ بریکوٹ کے علاقہ شموزئی پل کے قریب اہل خانہ کے ساتھ تفریح کے لئے آنے والی 13 سالہ لڑکی دریائے سوات میں ڈوب گئی جن کو ریسکیو کے غوطہ خوروں نے زخمی حالت میں نکال لیا۔ تمام حادثات میں زخمی افراد کو طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
Swat
