(باخبر سوات ڈاٹ کام)مسلم لا کالج سوات میں ”پاکستانی نوجوانوں کا قیامِ امن میں کردار“ کے موضوع پر یک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں قانون کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار سے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر محبوب علی اور احمد شاہ نے خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یک روزہ سیمینار میں قانون کے اساتذہ، معروف وکلا اور قانون کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہو ئے ڈاکٹر محبوب علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک میں امن کے فروغ، مکالمے کے فروغ اور منقسم معاشرے کو جوڑنے میں ایک مثبت طاقت بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کو مذہبی انتہاپسندی، فرقہ وارانہ تنازعات، سیاسی عدم استحکام اور علاقائی کشیدگی جیسے کئی مسائل کا سامنا ہے، لیکن نوجوان اپنی تخلیقی سوچ، سوشل میڈیا کے موثر استعمال اور مقامی سطح پر سرگرمیوں کے ذریعے امن کے سفیر بن سکتے ہیں۔ سیمینار کے دوران نوجوانوں کے امن قائم کرنے میں کردار پر روشنی ڈالی گئی، جن میں تعلیم، بین المذاہب مکالمہ، سماجی خدمت، ڈیجیٹل مہمات، سیاسی شرکت، اور ثقافتی اظہار شامل تھے۔ کیمپس امن کلبز، سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی کے خلاف مہمات، اور یوتھ پارلیمنٹس جیسے اقدامات کی مثالیں دی گئیں۔
