(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی زیرِ صدارت عوام کو ضلع سوات کے تمام ہسپتالوں میں بہتر علاج، صاف ستھرا ماحول اور فعال طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی سی ایم سی اور ہسپتال مینجمنٹ کمیٹیوں سے متعلق امور، مراکزِ صحت کی کارکردگی، سولرائزیشن اور طبی خدمات کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال اور محکمہ صحت کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے گذشتہ روز اپنی زیرِ صدارت منعقدہ ہسپتال مینجمنٹ کمیٹی اور ضلعی سٹیئرنگ کمیٹی برائے صحت کے اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی، ضروری مرمت، سہولیات کی فعالی اور انتظامی بہتری سے متعلق ہدایات کا اطلاق ضلع بھرکے تمام مراکزِ صحت تک بڑھایا جائے۔ ان میں بنیادی مراکزِ صحت، سول ڈسپنسریاں، دیہی مراکزِ صحت، کیٹیگری سی و ڈی ہسپتال اور دیگر تمام چھوٹے بڑے طبی مراکز شامل ہیں تاکہ بہتری کا فائدہ ضلع کے ہر علاقے کے شہریوں کو پہنچ سکے۔
Swat
