Swat

قوم، کرپٹ سیاستدانوں اور پیراٹروپرز کو مسترد کردے، مشتاق احمد خان

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام)  امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ہم نے قوم کو اسلامی، فلاحی، ترقیافتہ، تعلیم یافتہ اور ہر قسم کی سہولیات سے آراستہ پاکستان کا منشور دیا ہے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی دینی جماعتوں کی کرپشن سے پاک قیادت لائے گی۔ 25 جولائی لٹیروں کے ساتھ تمام حساب برابر کرنے کا دن ہے۔ عوام کو پینے کا صاف پانی، تعلیم، علاج، روزگار اور چھت کی سہولتیں دینا ایم ایم اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جو لوگ ستر سالوں سے قوم کا استحصال کررہے ہیں انہوں نے قوم کی دولت پر شب خون مارنے کے لئے پھر سے پارٹی تبدیل کرلی ہے۔ اگر آج ملک میں غربت، جہالت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ہیں، تو اس کے اصل مجرم وہ ممبران ہیں جو بار بار پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے رہے اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے اور چوری کی دولت باہر منتقل کرتے رہے۔پرانے شکاری نئے جال کے ساتھ میدان میں ہیں۔ یہ سانپ اور اژدہے ہیں۔ قوم اپنے ووٹ سے ان اژدہوں کو مزید طاقتور نہ بنائے۔ قوم کرپٹ اور کرپشن میں ملوث سیاستدانوں اور پیراٹروپرز کو مسترد کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل پی کے پانچ کے زیر اہتمام شاہدرہ وتکے مینگورہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایم اے کے نامزد امیداربرائے پی کے پانچ محمدامین، این اے تھری کے امیدوار مولانا حجت اللہ، قائم مقام امیر جماعت اسلامی ضلع سوات مفتی شیر محمد اور متحدہ مجلس عمل پی کے پانچ کے صدر قاری شمس الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں