سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) مہنگائی بڑھ رہی ہے لیکن پنشنز میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے، ادویات کی قیمتیں پچاس سے ایک سو اسی فی صد تک بڑھ چکی ہیں لیکن ملازمین کی میڈیکل الاؤنسز میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ ان خیالات کا اظہار سوات کے سماجی کارکن اور بلدیہ مینگورہ کے سابق ایڈمنسٹریٹر فضل خالق ماڈرن نے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس عزم کے ساتھ برسراقتدار آئی ہے کہ وہ سو دنوں میں عوام کو ریلیف مہیا کرے گی لیکن ابھی تک تو ایسا دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ روپے کی قیمت گھٹ گئی ہے اور ڈالر کی بڑھ گئی ہے۔ اس کے علاوہ گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان آنے والا ہے۔ نئی مہنگائی کے پیش نظر ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی پنشنوں میں اضافہ کیا جائے اور ان کے میڈیکل الاؤنسز کو بھی بڑھا دیا جائے، تاکہ وہ اس مہنگائی کا مقابلہ کرسکیں۔
