
چند دن پہلے میں اپنی دکان میں بیٹھا تھا کہ ایک نوجوان تھانے دار صاحب اور ان کے ساتھ ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ منگلور آئے اور میری دکان میں پڑے پاپڑ کے دو پیکٹ اٹھا لیے، ساتھ میرا شناختی کارڈ بھی لے لیا۔ تھانے دار صاحب نے جاتے ہوئے مجھے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’کل آٹھ بجے آپ کو تھانہ منگلور آنا ہے۔‘‘ جب صبح ہوئی تو میں اور میرے ساتھی دکان دار، جن سے بھی پاپڑ کے پیکٹ اور شناختی کارڈ لیے جا چکے تھے، تھانہ منگلور ایک ساتھ چلے گئے۔ تھانے میں ہمیں پتا چلا کہ ہم پر ایف آئی آر کاٹی جا چکی ہے۔ میں اور میرے ساتھی دکان دارحکومت کے اس اقدام پر خوش تو ہوئے کہ اب پورے سوات میں غیر معیاری پاپڑ اور چپس وغیرہ کا سلسلہ بند ہوجائے گا اور ہمارے بچوں کو مضر صحت اشیا سے چھٹکارا مل جائے گا۔ متعلقہ تحصیلوں کے اے سی صاحبان اور تھانوں کے ایس ایچ او ز یہ بوجھ اٹھا کر قوم پر احسان کریں گے۔ قصہ مختصر، تھانہ منگلور کے ایک سپاہی کی معیت میں ہم آٹھ دُکان داروں کو عدالت لے جا یا گیا۔ وہاں ہم کو اے سی صاحب کے سامنے پیش کیا گیا۔ میرے دو وکیل دوست رشید عالم ایڈووکیٹ اور نصیر اللہ خان ایڈوو کیٹ بھی آئے تھے۔ انہوں نے ہم سے کہا کہ ہم نے اے سی حمید بونیری صاحب سے بات کی ہوئی ہے۔ آپ لوگوں پر بہت کم جر مانہ لگے گا۔ جب کچھ وقت گزر گیا، تو اے سی صاحب کے ریڈر نے ہم کو ایک ایک کرکے بلایا اور کہا کہ آپ لوگوں کو پانچ ہزار روپے جر مانہ دینا ہے یا پانچ دن کے لیے جیل جانا ہے۔ ہم نے مشورہ کیا کہ ہم پانچ ہزار روپے جر مانہ دے دیتے ہیں۔ اگر اس سے قانون حرکت میں آتا ہے اور غیر معیاری پاپڑ بند ہوتے ہیں، تو کوئی بات نہیں۔ میں خود اپنے دو محترم وکیل دوستوں کے ریفرنس سے اے سی حمید صاحب سے ملا۔ اے سی صاحب سے میرے وکیل دوستوں نے پہلے ہی میرا تعارف کر وایا تھا کہ عثمان علی ایک سوشل اکٹیوسٹ اور کالم نگار ہے۔ اس وجہ سے اے سی صاحب نے میرا بہت خیال رکھا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ آپ لوگ ہمارے ساتھ اس مہم میں تعاون کریں۔ میں نے اے سی حمید صاحب کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور وہاں سے رخصت ہو کر واپس گھر آگیا۔
کچھ دن بعد اے سی صاحب کا تبادلہ تحصیل بابوزئی سے تحصیل چارباغ ہوا اور وہاں انہوں نے غیر معیاری پاپڑ کے خلاف بھر پور مہم شروع کی۔ اس پر میں اے سے حمید بونیری صاحب کو مبارک باد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ یہ مہم لوگوں کے تعاون سے بھر پور انداز سے چلائیں گے اور اس میں کا میاب بھی ہوں گے۔
قارئین، اس روز (جب ہمیں جرمانہ کیا گیا) کے بعد سے ہم اس انتظار میں تھے کہ تحصیلِ بابوزئی میں جو ضلع سوات کی سب سے بڑی تحصیل ہے، اس میں غیر معیاری پاپڑ کے خلاف مہم شرو ع ہو جائے گی اور یہ پورے ضلع میں پھیلے گی، لیکن اب تک تحصیل چار باغ کے علاوہ کہیں پر بھی غیرمعیاری پاپڑ اور چپس کے خلاف کوئی مہم دیکھنے کو نہیں ملی۔ کیوں؟ کیا قانون صرف ہم آٹھ بندوں کے لیے تھا یا صرف چارباغ کی تحصیل ہی قانون کے دائرے کے اندر ہے؟ اگر ایسا نہیں ہے، تو میں اس کالم کی وساطت سے ذمہ دار شخصیات سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان غیر معیاری اشیا کو بند کرنے کے لیے مؤثر طریقۂ کار وضع کریں۔
غیر معیاری پا پڑ یا اس قبیل کی دیگر اشیا مضرِ صحت ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق جب کوئی بچہ غیر معیاری پاپڑ کھا تا ہے، تو وہ خون کی کمی کا شکار ہو تا ہے۔ اس بیماری کو ’’انیمیا‘‘ کہتے ہیں۔ اس سے بچوں کو ہاضمہ کی شکایت بھی ہوسکتی ہے ۔ اگر گورنمنٹ واقعی غیر معیاری پاپڑ اور چپس کو بند کرنے میں مخلص ہے، تو اس کے لیے میں ایک تجویز دینا چاہوں گا۔ گورنمنٹ محکمۂ فوڈز اتھارٹی کی زیر نگرانی ایک کانفرنس کا انعقاد کرے۔ اس کانفرنس میں غیر معیاری پاپڑ فیکٹریوں کے مالکان، ڈاکٹر حضرات اور علمائے کرام کو دعوت دیں۔ ڈاکٹر حضرات ہر قسم کے غیر معیاری پاپڑ اور چپس کے نقصانات اور بچوں کے صحت پر اس کے خراب اثرات کو تفصیل سے بیان کریں۔ علمائے کرام بھی اسلامی نقطۂ نگاہ سے اس پر بحث کریں۔ پھر غیر معیاری پا پڑ فیکٹریوں کے مالکان کو خود بخود اندازہ ہوجائے گا کہ یہ غیر معیاری اشیائے خوراک بچوں کی صحت کے لیے کتنا خطرناک ہیں۔
ساتھ ہی فیکٹریوں کے مالکان کو کھل کر بتایا جائے کہ حکومت کے لیے غیر معیاری پاپڑ کی فیکٹریاں بند کرنا کوئی مشکل کام نہیں، لیکن حکومت نہیں چاہتی کہ کسی کا روزگار ختم ہو۔ بس آپ مہربانی کر کے اس کے متبادل معیاری قسم کا کوئی کاروبار شروع کریں۔ اس سے آپ لوگوں کا ضمیر بھی مطمئن ہوجائے گا اور اللہ تعالیٰ کے سامنے بھی آپ سرخرو ہوں گے۔ حکومت اس ساری مہم کو الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور انداز سے چلائے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ان شاء اللہ عوام بھی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہوں گے۔ سوچنے والی بات ہے جب ہم اپنے بچوں کو زہر نہیں دینا چاہتے،تو دوسروں کے بچے بھی تو ہمارے بچوں کی طرح معصوم ہیں۔