(باخبرسوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے علاقہ رحیم آباد میں فوڈ اتھارٹی نے ایک اطلاع پر چھاپہ مار کرایک بین الاقوامی برینڈ کے زائد المعیاد(ایکسپائرڈ) مشروبات پر تاریخ تبدیل کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے 35 ہزار مشروبات کی بوتلیں بر آمد کرکے ان کو ضائع کردیا۔کے پی فوڈ اتھارٹی سوات کے ڈپٹی ڈائر یکٹر اسد قاسم کے مطابق ملزمان کے ساتھ مشروبات بنانے والی فیکٹری کی ایجنسی تھی۔ ان کے پاس موجود سٹاک میں 35 ہزار مشروبات کی بوتلیں جن میں جمبو، ڈیڑھ لیٹر، کین اور شگر فری مشروبات زائد المعیاد ہو چکے تھے۔ یہ افراد کسی کیمیکل کی مدد سے فیکٹری کی ایکسپائری تاریخ مٹا کر نئے سٹیمپ لگا رہے تھے۔ ایکسپائرڈ مشروبات کو جعل سازی سے فروخت کرنے کا ارادہ تھا، جس کو ناکام بنادیا گیا۔ان کے مطابق یہ مشروبات جنوری کے پہلے ہفتے میں ایکسپائر ہو گئے تھے، جس پر مزید چھے مہینے کی جعلی ایکسپائری تاریخ چھاپ دی گئی تھی۔ کے پی فوڈ اتھارٹی نے مشروبات قبضے میں لے کر WSSC کے کچرہ تلف کرنے کے لئے متعین کردہ جگہ پر ضائع کر دیااور ملزمان کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔
Swat
