(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں کرونا وائرس کے شکار دو مزید مریض جاں بحق ہوگئے۔ سیدو شریف تدریسی ہسپتال کے کرونا بلاک میں زیرِ علاج 64 سالہ مریض عبدالواسع اور نواز شریف کڈنی ہسپتال میں زیرِ علاج 72 سالہ سلطان جمشید انتقال کرگئے، جس کے بعد سوات میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والامریض دمہ، بلڈ پریشر اور ہیپٹاٹائٹس سی کی شدید بیماری میں بھی مبتلا تھا۔ اس کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ نواز شریف کڈنی ہسپتال میں زیر علاج مریض بلڈ پریشر، شوگر اور قلب کے امراض میں مبتلا تھا۔اس کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت تھا۔ دونوں جاں بحق افراد جن کا تعلق خوازہ خیلہ سے تھا کو ہسپتال میں غسل دیا گیا جس کے بعد ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ان کو سرکاری اہلکاروں نے آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کیا۔ سیدو ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر محمد خان کے مطابق اس وقت سیدو ٹیچنگ ہسپتال میں 15مریض داخل ہیں اور صحت مند ہونے کی طرف گامزن ہیں۔ ان میں 12 مریضوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہے۔ 3 کا رزلٹ ابھی آنا باقی ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ مشتبہ نئے مریض داخل ہوئے ہیں۔
Swat
