سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) دارالامان سے واپس سسرال جانے والی 26 سالہ لڑکی پر اسرار طور پر جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق تحصیل کبل کے علاقہ مانڑئی شاہ ڈھیرئی میں مسماۃ فالودہ کی شادی عزیز الحق سے ہوئی تھی، جس سے اس کے چار بچے ہیں۔ اس کا شوہر سعودی عرب میں ملازمت کرتا ہے۔ 29 جولائی 2019ء کو اس کے سسر آرزومند نے اپنے گھر میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ اس لڑکے اور فالودہ کے درمیان ناجائز تعلقات تھے۔ اس کے بعد فالودہ گھر سے فرار ہوکر دارالامان منتقل ہوئی تھی۔سسر آرزومند کو قتل کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا تھا جو اس وقت جیل میں ہے۔ ایس ایچ او محمد عثمان خان کے مطابق 14اپریل2020ء کو فالودہ اپنی ضمانت پر دارالامان سے نکل کر واپس سسرال گئی۔ منگل کو پولیس کو اطلاع دی گئی کہ فالودہ نے زہریلی دوا پی کر خود کشی کی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
Swat
